جمعہ، 10 اپریل، 2020

دعا کی فضیلت

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
وقال ربکم الدعونی استجب لکم
وقال رسول اللہﷺ اَلدُّعَاءُ مُخُّ الْعِبَادَۃِ
یہ امر مسلم ہے کہ دارین کی کامیابی اور حصول راحت کے اسباب متکثرہ میں صرف حضوری دل کے ساتھ دعا ہی ایک ایسی چیز ہے کہ جس کو فلاح دنیا اور فلاح دین دونوں سے مساوی تعلق ہے ۔ دعا کی جامعیت اس کی عظمت کو ظاہر کر رہی ہے اس لئے قرآن مجید اور احادیث شریفہ میں دعاؤں کی ترغیب فضیلت اور تاکید بار بار وارد ہوتی ہے بعض خدا رسیدہ بزرگوں نے فرمایا ہے کہ ہم نے جو کچھ پایا ہے دعاؤں کی بدولت پایا ہے اور اس کو ذہن نشین کر لیجئے کہ دعاؤں میں جو مرتبہ اور برکت ادعیہ ماثورہ کو حاصل ہے وہ محتاج بیان نہیں کیونکہ جو دعائیں حق تعالیٰ شانہ نے بذریعہ وحی جلی خواہ قرآن عظیم میں خواہ حدیث قدسی میں تعلیم فرمائی ہیں یا بالواسطہ وحی خفی اپنے مقبول پیغمبر حضور سرکار دو عالم ﷺ سے ترتیب پائے ہوئے برگزیدہ جماعت حضرات صحابہ اکرام رضوان اللہ تعالیٰ علیھم اجمعین سے ثابت ہوئی ہیں وہ قبولیت میں ایسی ہیں جیسے خود حاکم اعلیٰ کی بتائی ہوئی درخواست کا مضمون حاکم اعلیٰ کے روبرو پیش کرنا جس کی منظوری میں تردّ د ہی نہیں ہوتا ہے۔ تو یہ ویب سائٹ چند ایسی دعاؤں پر مشتمل ہے جو آپ کو نجات دینے والی ہیں اور مہلکات سے بچانے والی ہیں کیونکہ آنحضرت ﷺ نے کوئی عمدہ عادت اور اچھا طریقہ ایسا باقی نہیں چھوڑا جس کی دعا نہ فرمائی ہو اور کوئی برا کام اور خراب خصلت ایسی باقی نہیں رکھی جس سے پناہ نہ مانگی ہو ۔ اجمالی طور پر بھی اور تفصیلی طور پر بھی اور پھر اس کی تکمیل و تعلیم میں بھی کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں فرمایا ۔ اللہ تعالیٰ آپ کے مراتب بلند سے بلند فرمائیں ۔ آمین!